Post Main Ad Panel
Read in English جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی روڈ کی مرمت و بحالی کا کام تیزی سے جاری: 22 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر، دھول مٹی سے بچاؤ کے لیے چھڑکاؤ کی ہدایت

جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی روڈ کی مرمت و بحالی کا کام تیزی سے جاری: 22 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر، دھول مٹی سے بچاؤ کے لیے چھڑکاؤ کی ہدایت

4 ویوز

فیصل آباد: 11 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی خصوصی ہدایات پر جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی تک سڑک کی مرمت و بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، جسے 22 اکتوبر کی دی گئی ڈیڈ لائن تک مکمل کر لیا جائے گا۔

کمشنر فیصل آباد نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کی اس اہم شاہراہ کی معیاری تعمیر و بحالی سے شہریوں کو آمد و رفت کی بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو سڑک کی تعمیر کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کا شدید احساس ہے، اسی لیے ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تعمیراتی جگہ پر دھول مٹی کی روک تھام کے لیے مسلسل پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے مزید بتایا کہ جڑانوالہ روڈ پر میٹرو بس پروجیکٹ کی تعمیر کے پیشِ نظر متبادل راستوں کو ہموار اور قابلِ استعمال بنانا ترجیح ہے، جس کے تحت جی سی یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی مرمت و بحالی پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت روڈ کی تعمیر و مرمت بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی، جبکہ نورپور سبز منڈی روڈ پر سیوریج پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے جس کے فوراً بعد کارپٹنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

 

Post Bottom Ad Panel