ڈی جی لائیوسٹاک پنجاب ڈاکٹر سید ندیم بدر کا فیصل آباد کا تفصیلی دورہ: ویٹرنری ہسپتالوں، جدید لیبز اور ڈیری فارمز میں طبی سہولیات کا معائنہ
فیصل آباد: 12 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل (توسیع) محکمہ لائیوسٹاک پنجاب ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ضلع فیصل آباد کا اہم دورہ کیا اور مختلف دفاتر، ویٹرنری مراکز، جدید تشخیصی و جراحی سہولیات سمیت ڈیری فارمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل (توسیع) نے اپنے دورے کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد و ڈپٹی ڈائریکٹر کے دفاتر، ایڈوانسڈ ویٹرنری ہسپتال، جدید آپریشن تھیٹر، ایکسرے یونٹ، الٹراساؤنڈ تشخیصی مرکز، سول ویٹرنری ہسپتال کھرڑیانوالہ (تحصیل جڑانوالہ) اور چک نمبر 189 ر۔ب (تحصیل چک جھمرہ) میں واقع گوہر ٹیکسٹائل ڈیری فارم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ویٹرنری مراکز میں عملے کی حاضری، آؤٹ ڈور رجسٹرڈ مریضوں، ادویات و حفاظتی ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین اور کولڈ اسٹوریج کے انتظامات کے ساتھ ساتھ جدید تشخیصی و جراحی آلات کی فعالیت اور طبی معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی جی لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے مویشی پال حضرات سے براہِ راست ملاقات کر کے سرکاری ویٹرنری اداروں میں ملنے والی ادویات اور طبی خدمات کے معیار سے متعلق ان کا فیڈ بیک حاصل کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو سخت ہدایات جاری کیں کہ قواعد و ضوابط کی پابندی، ادویات و ویکسین کی مسلسل دستیابی، طبی ریکارڈ کی درستگی اور جدید تشخیصی سہولیات کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ مویشی پال کسانوں کو ان کی دہلیز پر بروقت اور معياری خدمات میسر آسکیں۔