Post Main Ad Panel
Read in English ایف ڈی اے کا فیصل آباد میں بڑا کریک ڈاؤن: سر سید ٹاؤن میں غیر قانونی تجارتی استعمال پر 4 پلاٹس سیل، احمد نگر میں سرکاری پلاٹ واگزار

ایف ڈی اے کا فیصل آباد میں بڑا کریک ڈاؤن: سر سید ٹاؤن میں غیر قانونی تجارتی استعمال پر 4 پلاٹس سیل، احمد نگر میں سرکاری پلاٹ واگزار

5 ویوز

فیصل آباد: 12 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی خصوصی ہدایات پر غیر قانونی کمرشلائزیشن اور سرکاری املاک پر ناجائز قابضین کے خلاف ضلعی سطح پر بھرپور اور بلاامتیاز آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے سر سید ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے رہائشی جائیدادوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر چار پلاٹس سربمہر کر دیے، جبکہ احمد نگر میں ایف ڈی اے کی ملکیتی جائیداد پر قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ جائیدادوں کے مالکان کو غیر قانونی کمرشل سرگرمیاں بند کرنے اور باقاعدہ قواعد و ضوابط کے تحت کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کرنے کے لیے پہلے ہی متعدد بار وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور چالان بھی کیے گئے تھے، تاہم مالکان نے ان احکامات پر عمل درآمد کرنے سے گریز کیا۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو کی زیرِ نگرانی انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم گجر اور دیگر عملے پر مشتمل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سر سید ٹاؤن کے اے بلاک میں واقع پلاٹ نمبر 183، 187 اور 191 جبکہ ڈی بلاک میں پلاٹ نمبر 4 کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ ایف ڈی اے حکام نےتبادلہ خیال کرتے ہوئے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر قانونی تقاضے پورے کریں اور واجبات جمع کروائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایک اور کارروائی کے دوران انفورسمنٹ ٹیم نے احمد نگر میں ایف ڈی اے کے منسوخ شدہ پلاٹ نمبر 334-B پر ناجائز قبضے کی نیت سے کی جانے والی تعمیرات کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور موقع پر تمام غیر قانونی تعمیراتی اسٹرکچرز کو مسمار کر کے پلاٹ کو مکمل طور پر واگزار کروا لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ شہر میں غیر قانونی کمرشلائزیشن، سرکاری املاک پر قبضے اور تعمیراتی بائی لاز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Post Bottom Ad Panel