واسا فیصل آباد میں یونیسف کے تعاون سے اہم ورکشاپ کا انعقاد: واٹر سپلائی اور سیوریج سروسز کی بہتری کے لیے 'کے پی آئیز' متعارف
فیصل آباد: 12 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): واسا فیصل آباد میں فراہمی و نکاسی آب کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کارکردگی کو جانچنے کے لیے ایک جامع ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر مسرور نے پنجاب بھر کی تمام واسا ایجنسیوں کے لیے 'کی پرفارمنس انڈیکیٹرز' متعارف کرائے۔
اس اہم تربیتی نشست میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن، ڈائریکٹر جی آئی ایس پنجاب واسا ثمرین اشرف سمیت فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور چنیوٹ واسا کے اعلیٰ افسران و تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر مسرور نے بتایا کہ مقرر کردہ کے پی آئیز کے معیارات سے واساز کی عملی کارکردگی کی شفاف اور بہترین مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔ ان انڈیکیٹرز کے تحت صاف پانی کی مسلسل فراہمی، سیوریج کوریج، ڈرینیج نیٹ ورک کی کارکردگی، عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے، واٹر بلز کے بروقت اجراء، ریونیو جنریشن اور ریکوری کی کارکردگی کا منظم ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید کے پی آئیز کے استعمال سے محکمانہ امور پر پیشہ ورانہ اور جامع طریقے سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے گا۔