فیصل آباد: "ستھرا پنجاب" مہم، صفائی کے انتظامات اور فیلڈ مانیٹرنگ کے لیےڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد
فیصل آباد، 29 ستمبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت "ستھرا پنجاب" پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات اور فیلڈ مانیٹرنگ کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میونسپل سروسز انور علی، ہیڈ کوارٹرز عادل عمر، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی رنگزیب گورایہ، صدر ڈاکٹر ذوالقرنین کے علاوہ لوکل گورنمنٹ، ہارٹیکلچر ایجنسی (PHA)، ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور اس بات پر زور دیا کہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ کا دورہ کریں تاکہ صفائی کے انتظامات کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے صفائی کے عملے اور درکار وسائل کی کمی کو فوری طور پر دور کرنے، مختلف علاقوں میں صفائی کے معیار کا جائزہ لینے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطہ بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی متعلقہ تحصیلوں میں صفائی کے جاری آپریشن کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنائیں اور تحصیل وار صفائی سے متعلق تمام ڈیٹا باقاعدگی کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کو ارسال کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ، دستیاب وسائل کا بہترین استعمال اور بروقت کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔