تھانہ دینہ کی حوالات میں زیرِ حراست ملزم کی مبینہ خودکشی: ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کو معطل کر دیا
جہلم: 12 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ضلع جہلم کے تھانہ دینہ کی حوالات میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں زیرِ حراست ملزم عرفان جٹ نے گلے میں پھندا لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو اس کی اپنی 16 سالہ بیٹی کی درخواست پر مبینہ زیادتی کے سنگین الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کی پہلی بیوی سے تقریباً ایک سال قبل علیحدگی ہو گئی تھی، جس کے بعد سے بیٹی اپنے والد کے ساتھ رہ رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ملزم حوالات میں اکیلا بند تھا جہاں اس نے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا ہے۔
واقعے کا شدید نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ دینہ شعیب کیانی، محرر اور دو کانسٹیبلز کو عہدوں سے معطل کر دیا ہے اور معطلی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید قانونی حقائق اور پیش رفت سامنے لائی جائے گی۔
