فیصل آباد میں 22 ارب روپے کا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ جون 2027ء تک مکمل ہوگا: کمشنر
فیصل آباد 4 اکتوبر(ڈیجیٹل اطلاع)— پنجاب حکومت اور فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے اشتراک سے 22 ارب روپے کی لاگت سے جاری سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ جون 2027ء میں مکمل ہو جائے گا، جس کی بدولت 30 ملین گیلن پانی روزانہ واسا فیصل آباد کے سسٹم میں شامل ہوگا اور 6 لاکھ سے زائد دیہی علاقوں کے عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم ہوگا۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے آواگت کے مقام پر سائٹ کا دورہ کر کے پائپ لائن بچھانے کے جاری کاموں کا جائزہ لیا، جہاں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا اور فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے انہیں منصوبے کی تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ایم ڈی نے بتایا کہ فیصل آباد کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی اور یہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے، جس کی تکمیل سے پانی کی فراہمی 30 فیصد تک بڑھ جائے گی۔ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام چینی انجینئرز اور ماہرین کی زیر نگرانی جاری ہے اور کام کی رفتار انتہائی تسلی بخش ہے۔ کمشنر نے جاری کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واسا کے زیر انتظام یہ میگا پراجیکٹ عوامی فلاح و بہبود کا ایک انقلابی منصوبہ ہے۔
دورے کے دوران کمشنر نے مکوآنہ میں پراجیکٹ کی سائٹ اور اس سے قبل جھال خانوانہ میں جائیکا کے تعاون سے مکمل ہونے والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا نے بتایا کہ 5 ملین گیلن روزانہ کی گنجائش کے اس پلانٹ سے 2 لاکھ سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو رہی ہے۔