Post Main Ad Panel
Read in English سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کا چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ کا دورہ، ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کا چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ کا دورہ، ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

8 ویوز

فیصل آباد (یکم اکتوبر 2026ء) ڈیجیٹل اطلاع— سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زین بن مقصود اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے تحصیل چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری مختلف ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد، تعمیراتی کاموں کی پیشرفت اور منصوبوں کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کی جانب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کو دونوں تحصیلوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی موجودہ پیشرفت، تکمیل کے مراحل اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زین بن مقصود نے ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور عوامی بہبود کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر شفاف انداز میں مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہری و دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام شہری تک پہنچانا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سکیموں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ متعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ترقیاتی سکیموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے گریز کیا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد میسر آ سکیں۔

Post Bottom Ad Panel