Post Main Ad Panel
Read in English پیپلز کالونی میں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، دو من بیمار مرغیاں تلف اور چکن شاپ سیل

پیپلز کالونی میں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، دو من بیمار مرغیاں تلف اور چکن شاپ سیل

10 ویوز

فیصل آباد 30 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پیپلز کالونی نمبر دو میں ایک چکن شاپ پر چھاپہ مار کر موقع پر دو من بیمار مرغیاں تلف کر دیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور گلا سڑا گوشت برآمد ہونے پر کی گئی۔ معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ دکان پر مکھیوں کی بھرمار تھی اور تدارک کا کوئی انتظام نہیں تھا، جبکہ گندے کریٹس، ٹوٹا ہوا فرش، خون آلود دیواریں اور جالے پائے گئے۔ اس کے علاوہ ناقص فریزر میں چکن کو غیر محفوظ حالت میں رکھا گیا تھا، اور موقع پر ضروری ریکارڈ، خوراک سنبھالنے والے کارکنان کے طبی اور تربیتی سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے واضح کیا کہ غیر معیاری گوشت کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی، خوراک کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور شہریوں کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

Post Bottom Ad Panel