Post Main Ad Panel
Read in English پنجاب میں 10 سی سی یا اس سے کم روایتی سرنج کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

پنجاب میں 10 سی سی یا اس سے کم روایتی سرنج کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

79 ویوز

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں، کلینکس اور دیگر طبی اداروں میں 10 سی سی یا اس سے کم روایتی سرنج کی خریداری اور استعمال ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے جاری ڈائریکٹو کے مطابق یکم جنوری 2027 کے بعد 10 سی سی یا اس سے کم حجم کی روایتی سرنج کسی بھی طبی ادارے میں نہ خریدی جائے گی اور نہ ہی استعمال کی جائے گی۔

ہدایت نامے میں طبی اداروں کو سنگل یوز ڈسپوزایبل اشیا، بالخصوص سرنج، انفیوژن اور ڈرِپ سیٹس اور کینولا کے دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ کو مکمل طور پر روکنے کے لیے سخت انتظامی اور نگرانی کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرنج اور انفیوژن یا ڈرِپ سیٹس کا دوبارہ استعمال اور ایک ہی بڑی مقدار میں دی جانے والی دوا کو متعدد مریضوں کو لگانا سختی سے ممنوع ہوگا۔

تمام طبی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے انسپکشن کے دوران ہدایات پر عمل درآمد کی نگرانی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2010 اور متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

Post Bottom Ad Panel