فیصل آباد 4اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)— سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی ہدایت پر ضلع بھر کے چرچز اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو مکمل چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں رہ کر چرچز کی سیکیورٹی ڈیوٹی کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ عبادت گاہوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کڑی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر سی پی او تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کے لیے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔