چک جھمرہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 15 سے زائد مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ اجرتی قاتل ہلاک
فیصل آباد: یکم اکتوبر ڈیجیٹل اطلاع۔۔۔۔۔۔۔ سی سی ڈی لائل پور ٹاؤن کے انچارج انسپکٹر صدیق چیمہ، سی سی ڈی مدینہ ٹاؤن کے انچارج انسپکٹر ارم رضا شاہ اور سی سی ڈی اقبال ٹاؤن کے انچارج علی اکرام گورایہ کے ساتھ ککڑ والا بائی پاس، چک جھمرہ کے قریب ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 15 سے زائد افراد کا اجرتی قاتل سفیان ولد شوکت، سکنہ 75 ر۔ب لوکے، اپنے فرار ہونے والے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔
ہلاک ہونے والا ملزم سفیان جھمرہ کے بدنام زمانہ "سکھ گینگ" سے تعلق رکھتا تھا اور قتل، ڈکیتی، راہزنی اور ہاؤس رابری کی متعدد وارداتوں میں مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اسے مردہ خانے (مارچری یونٹ) منتقل کر دیا ہے اور فرار ہونے والے اس کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم سفیان فیصل آباد کی ایک بڑی شخصیت کے بھائیوں کو قتل کرنے کی نیت سے آیا تھا۔ وہ عرصہ دراز سے روپوش تھا اور گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا۔ ملزم کے حوالے سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک بیٹھے افراد سے بھاری رقوم وصول کر کے ان کے مخالفین کو ٹھکانے لگاتا تھا۔