Post Main Ad Panel
Read in English ایف ڈی اے شعبہ مالیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ: تمام مالیاتی لین دین اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کیا جائے گا

ایف ڈی اے شعبہ مالیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ: تمام مالیاتی لین دین اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کیا جائے گا

4 ویوز

فیصل آباد: 10 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ادارے کے دیگر شعبوں کی طرح شعبہ مالیات کو بھی جدید اور بین الاقوامی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ مالیاتی معاملات، واجبات کی وصولی، دفتری اخراجات اور حسابات میں مکمل شفافیت اور تیز رفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبداللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس افضال انصاری، عدنان شہزاد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اے ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ مالیاتی نظام کو بے ضابطگیوں اور تاخیر سے پاک بنانے کے لیے ماہرین کی مدد سے جدید ترین سافٹ ویئر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سافٹ ویئر میں آمدن و اخراجات، واجبات کی وصولی، ادائیگیوں کے ریکارڈ، بجٹ مانیٹرنگ اور مالیاتی رپورٹس کو مربوط بنایا جائے گا۔

قیصر عباس رند نے تاکید کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے نفاذ سے دستی ریکارڈ پر انحصار ختم ہوگا، انسانی غلطیوں کا سدباب ممکن ہو سکے گا اور مستند اعداد و شمار کی روشنی میں فوری فیصلے کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جامع لائحہ عمل اور تجاویز جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ادارے کے مالیاتی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار قائم کیے جا سکیں۔

 

Post Bottom Ad Panel