ماحولیاتی آلودگی اور خطرناک ہسپتال ویسٹ کے خلاف بڑی کارروائی: ای پی اے کا کریک ڈاؤن، غیر قانونی ری سائیکلنگ اور فروخت میں ملوث ملزمان گرفتار
فیصل آباد: 11 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ہسپتالوں کے خطرناک ویسٹ کو غیر قانونی طور پر جمع کرنے، فروخت کرنے اور ری سائیکلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور ذمہ داران کو گرفتار کروا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے ڈاکٹر طاہر سیال نے اپنی ماہر ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر بروقت ایکشن لیا۔ ڈاکٹر طاہر سیال نے بتایا کہ ہسپتالوں سے نکلنے والے زہریلے اور انفیکشن شدہ ویسٹ کو قانون کے مطابق مخصوص انسینیریٹر میں تلف (انسینریشن) کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر جمع کر کے ری سائیکل کیا جا رہا تھا، جو عوام کے لیے سنگین بیماریاں پھیلانے اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب بن رہا تھا۔
ای پی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ضلع بھر میں ایسے تمام غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف سخت قانونی ایکشن جاری رہے گا۔