کومل خان کی نصف سنچری اور ماہنور زیب کی شاندار بولنگ، پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی
فیصل آباد، 3 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں کومل خان کی شاندار نصف سنچری اور ماہنور زیب کی تین وکٹوں کی بدولت پاکستان ویمنز انڈر 19 نے سری لنکا ویمنز انڈر 19 کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں دو میچوں کے بعد پاکستان کی یہ پہلی فتح ہے۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ نتھمی اپیکشا 39 اور وموکشا بالا سوریا 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر ماہنور زیب نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میمونہ خالد نے بھی دو جبکہ شہر بانو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان کی ٹیم نے 125 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کومل خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ زو فشاں ایاز نے 38 اور کپتان فضا فیاز نے 13 رنز بنائے۔ شہر بانو نے ناٹ آؤٹ 11 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ شاندار کارکردگی پر کومل خان کو 'پلیئر آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ 5 اکتوبر بروز سوموار سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔