Post Main Ad Panel
Read in English گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں سموگ کی وجوہات اور انسانی صحت پر اثرات کے حوالے سے آگاہی سیمینار

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں سموگ کی وجوہات اور انسانی صحت پر اثرات کے حوالے سے آگاہی سیمینار

7 ویوز

فیصل آباد: 6 اکتوبر (ڈیجیٹل اطّلاع) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں گرین یوتھ موومنٹ کلب اور شعبہ ماحولیاتی علوم کے اشتراک سے سموگ کی وجوہات، انسانی صحت پر اس کے اثرات اور تدارک کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار میں ماحولیاتی اور طبی ماہرین نے سموگ کی بڑی وجوہات، ماحولیاتی آلودگی، شہری ترقی کے اثرات اور انسانی صحت کو لاحق خطرات پر روشنی ڈالی، جبکہ سموگ کی روک تھام اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور اجاگر کرنے اور انہیں ماحول کے تحفظ کی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

گرین یوتھ موومنٹ کلب کے نگران پروفیسر ڈاکٹر صابر حسین نے شرکاء کا خیرمقدم کیا، جبکہ شعبہ ماحولیاتی علوم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ یاسمین نے سموگ کی وجوہات اور اس میں کردار ادا کرنے والے ماحولیاتی عوامل پر گفتگو کی۔ ڈائریکٹر طلبہ امور پروفیسر ڈاکٹر ندیم سہیل نے سموگ کے تدارک میں اجتماعی ذمہ داری اور مثبت سماجی رویوں کی اہمیت اجاگر کی۔

تکنیکی نشست میں محکمہ تحفظ ماحولیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر عباس نے سموگ کی وجوہات اور شہری ترقی کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی، جبکہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب احمد ملک نے سموگ کے انسانی صحت، خصوصاً نظام تنفس پر اثرات اور ضروری حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جبکہ محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے سموگ پر قابو پانے کے لیے دھند صاف کرنے والی مشین کے عملی استعمال کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

سیمینار کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی وجوہات، انسانی صحت پر اس کے اثرات اور تدارک کے عملی اقدامات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

Post Bottom Ad Panel