ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چار رکنی گینگ گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد
فیصل آباد: 6 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) پولیس نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک چار رکنی گینگ کو ٹریس کر کے سرغنہ سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ماموں کانجن وسیم طارق نے جدید ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ عابد کو اس کے تین ساتھیوں عرفان، جاوید اور عابد سمیت دبوچ لیا ہے۔
دورانِ انتی روگیشن ملزمان نے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی 6 وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی 3 موٹر سائیکلیں، ناجائز اسلحہ اور نقدی سمیت کل 7 لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی جاری رہے گی۔