ایف آئی اے فیصل آباد کی بڑی کارروائی، اشتہاری ملزم اور ایم سی بی بینک کے سابق برانچ مینیجر گرفتار
فیصل آباد: 6 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)---- ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد طارق محمود کی زیرِ نگرانی ایف آئی اے اینٹی کرپشن اینڈ اکنامک کرائمز ونگ فیصل آباد نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مطلوب اشتہاری ملزم عمران ساجد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ٹیم نے ایس ایچ او سب انسپکٹر اجمل حسین کی سربراہی میں ملزم عمران ساجد (سابق برانچ مینیجر ایم سی بی بینک، ایم اے جناح روڈ برانچ اوکاڑہ) کو متحدہ عرب امارات سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل تھا۔
یہ مقدمہ مدعی رحمت علی ولد رحمت اللہ (سکنہ اڈا خاص، ضلع اوکاڑہ) کی درخواست پر انکوائری نمبر 904/2025 کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے تھانہ ای سی ڈبلیو فیصل آباد میں درج کیا گیا، جس کی ایف آئی آر نمبر سی/410/2025 بجرم دفعات 5(2)47 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ بمطابق 109، 409 اور 420 پی پی سی کٹی تھی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بطور برانچ مینیجر اپنے عہدے کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک ساتھی کے ہمراہ مدعی کو زیادہ منافع کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ روپے حاصل کیے اور رقم بینک میں جمع کروانے کے بجائے مبینہ طور پر خردبرد کر لی۔ مدعی کی جانب سے رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے پر ملزمان نے 25 لاکھ روپے نقد واپس کیے، جبکہ مزید 25 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا گیا جو بعدازاں ڈس آنر ہو گیا۔ باقی 50 لاکھ روپے کی رقم بھی تاحال واجب الادا اور مبینہ طور پر خردبرد شدہ ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں ملوث دیگر عناصر کے کردار کا تعین کرتے ہوئے قانون کے مطابق مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے
