منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن: فیصل آباد پولیس نے رواں سال 4 ہزار سے زائد منشیات فروش گرفتار کر لیے
فیصل آباد: 7 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) پولیس نے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے رواں سال سینکڑوں منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے خلاف 3,450 مقدمات درج کیے گئے، جن کے تحت 4,000 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اور اس مکروہ دھندے میں ملوث 80 سے زائد خواتین کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئی ہیں، جن میں 1,935 کلوگرام چرس، 89 کلوگرام آئس، 520 کلوگرام ہیروئن، 23 کلوگرام افیون، 2,986 کلوگرام بھکی، 4,211 لیٹر لہن اور 52,344 بوتلیں شراب شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال پکڑی جانے والی سینتھیٹک ڈرگز کی مقدار گزشتہ سالوں کے مقابلے میں واضح فرق کے ساتھ زیادہ ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا اور منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔