انجری کے باعث بابر اعظم پہلے ٹیسٹ سے باہر، سلمان علی آغا پاکستان کی قیادت کریں گے
لیڈز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیم بابر کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان نے پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے اور انہیں امید ہے کہ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون اور کمبینیشن کا فیصلہ کرے گی۔ ان کے مطابق انگلینڈ کی کنڈیشنز میں محمد عباس پاکستان کے لیے اہم بولر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے تصدیق کی کہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی سیریز کی بھرپور تیاری کی ہے۔
بابر اعظم کی غیر موجودگی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ اچھی فارم میں ہیں اور ان کا پہلے ٹیسٹ میں نہ کھیلنا ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے سعود شکیل سمیت دیگر بیٹرز کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے مڈل آرڈر اچھا کھیل پیش کرے گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اگر بابر اعظم دستیاب ہوتے تو ٹیم مختلف کمبینیشنز پر غور کرتی، تاہم کسی اہم کھلاڑی کی عدم موجودگی ایک سیٹ بیک ضرور ہوتی ہے لیکن ٹیم کے تمام کھلاڑی پُراعتماد ہیں۔