Post Main Ad Panel
Read in English الائیڈ اسپتال میں انتظامی اصولوں کی دھجیاں: عیادت کرنے والوں کے داخلے پر سخت پابندی، جبکہ بھکاریوں کی وارڈز میں دندناتے پھرنے پر سوالیہ نشان

الائیڈ اسپتال میں انتظامی اصولوں کی دھجیاں: عیادت کرنے والوں کے داخلے پر سخت پابندی، جبکہ بھکاریوں کی وارڈز میں دندناتے پھرنے پر سوالیہ نشان

9 ویوز

فیصل آباد: 10 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): شہر کے سب سے بڑے طبی ادارے الائیڈ اسپتال میں انتظامی نااہلی کا انوکھا منظر سامنے آیا ہے، جہاں مریضوں کے لواحقین اور عیادت کے لیے آنے والے شہریوں کا وارڈز میں داخل ہونا ایک انتہائی مشکل اور کڑا مرحلہ بنا دیا گیا ہے، جبکہ دوسری طرف پیشہ ور بھکاریوں کا راج ہے جو تمام وارڈز میں کھلے عام دندناتے ہوئے بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔

سماجی حلقوں اور مریضوں کے لواحقین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے نام پر صرف عام شہریوں اور عیادت کرنے والوں کو زحمت دی جاتی ہے اور انہیں وارڈز کے باہر ہی روک لیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس، سیکیورٹی کے تمام انتظامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مانگنے والیاں اور پیشہ ور بھکاری بلا روک ٹوک وارڈز کے اندر بستروں تک دندناتے ہوئے پہنچ جاتی ہیں۔ اسپتال کے اندر اس کھلی چھوٹ اور انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی پر شہریوں کی طرف سے معنی خیز سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے ایم ایس الائیڈ اسپتال اور اعلیٰ طبی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال کے اندر سیکیورٹی کے نام پر عیادت کرنے والوں کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے وارڈز کی نجی و حفظانِ صحت کی فضا کو خراب کرنے والے عناصر کا داخلہ سختی سے بند کیا جائے تاکہ مریضوں کو پرسکون ماحول فراہم کیا جا سکے۔

 

Post Bottom Ad Panel