(ڈیجیٹل اطلاع) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں لندن برینٹ خام تیل کی قیمت 3.6 فیصد اضافے کے بعد فی بیرل 86 ڈالر 30 سینٹ پر پہنچ گئی ہے۔ ویسٹ ٹیکساس خام تیل کی قیمت 3.43 فیصد اضافے سے فی بیرل 80 ڈالر 81 سینٹ پر ٹریڈ کررہی ہے۔
گزشتہ روز بھی بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد کا غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ حالیہ تیزی اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان حملوں کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس نمایاں اضافے کی بنیادی وجہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے معاملے پر امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی شدید کشیدگی ہے۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی آبی گزرگاہ دنیا بھر میں خام تیل کی بلا تعطل ترسیل کے لیے سب سے اہم اور حساس ترین تجارتی راستہ سمجھی جاتی ہے۔