Post Main Ad Panel
Read in English واسا فیصل آباد: ریونیو ریکوری کے اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

واسا فیصل آباد: ریونیو ریکوری کے اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

9 ویوز

 

فیصل آباد (18 اگست 2026ء): مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافے اور مقررہ ریونیو ریکوری کے اہداف حاصل کرنے کو لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اہداف پورے نہ کرنے والے ریونیو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی حدود میں کمرشل صارفین کی تعداد بہت کم ہے، جس میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ ریونیو ریکوری ٹارگٹ حاصل نہ کرنے والے افسران کی فہرست تیار کی جائے تاکہ ان کی مراعات واپس لینے کے حوالے سے کارروائی کی جا سکے۔

ثاقب رضا نے تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے ڈویلپرز کو ہدایت کی کہ ہر گھر میں سیپٹک ٹینک جبکہ پارکوں میں ریچارج ویل لازمی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کالونیوں نے واجبات کی ادائیگی کے لیے اقساط کی سہولت حاصل کر رکھی ہے، اگر وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ادائیگی جاری رکھیں تو ٹھیک ہے، بصورت دیگر ان کے این او سی منسوخ کیے جائیں۔

انہوں نے سرگودھا روڈ پر قائم صنعتی یونٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان سے ماہانہ بلز کی وصولی یقینی بنائی جا سکے اور ان کے کنکشنز کو ریگولر کیا جا سکے۔

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافے سے ہی محکمہ مالی طور پر مستحکم ہوگا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو نکاسی آب اور فراہمی آب کی معیاری سہولیات مزید بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں گی۔

Post Bottom Ad Panel