خانیوال سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی ماہر کی گرفتاری پر امریکی حکام کا ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان
فیصل آباد: 6 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)--- امریکی حکام نے پنجاب کے شہر خانیوال کے رہائشی فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد یا اطلاع دینے پر ایک لاکھ ڈالر کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزم کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کی جائے بلکہ سیکیورٹی اداروں کو اطلاع دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم کا تعلق خانیوال سے ہے اور اس وقت امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ان پر باضابطہ فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ فہیم اکرم ایک آئی ٹی ماہر ہیں جنہوں نے "labelsbank.com" کے نام سے ایک ویب سائٹ بنا رکھی تھی، جہاں سے امریکی شہریوں کو سستے داموں ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کیے جاتے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ملزم نے اس ویب سائٹ کے ذریعے امریکی پوسٹل سروس (USPS) کو مجموعی طور پر 12.6 کروڑ ڈالر (پاکستانی روپے میں تقریباً 35 ارب روپے) کا نقصان پہنچایا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مذکورہ ویب سائٹ کو بند کر کے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے ویب سائٹ کے توسط سے 5,200 سے زائد افراد کو 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹس فروخت کیے، جن کی مدد سے صارفین نے ڈاک کے وزن اور منزل کے درست فاصلے کا تعین کیے بغیر کم نرخوں پر شپنگ کی۔ فی الحال ملزم کی روپوشی اور موجودہ مقام کے حوالے سے کوئی مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
