Post Main Ad Panel
Read in English سمندری روڈ پر بس کی رکشے کو ٹکر: 8 سالہ بچی جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد شدید زخمی

سمندری روڈ پر بس کی رکشے کو ٹکر: 8 سالہ بچی جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد شدید زخمی

9 ویوز

فیصل آباد: 11 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) سمندری روڈ پر سلونی جھال کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے آگے جانے والے رکشے کو پیچھے سے شدید ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشہ بری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں سوار 8 سالہ معصوم بچی حادیہ دختر عدنان (ساکن چک نمبر 135 گ ب سمندری) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد مسافر بس کا ڈرائیور گاڑی کو موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی گاڑیوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے خالد محمود، ان کی دو زوجات لبنیٰ اور شازیہ، بیٹے اذان اور عاطف شامل ہیں، جبکہ چک 135 گ ب کے رہائشی مقصودہ بی بی، مصباح، سبحان، معزم، فرحان، 2 سالہ خدیجہ، عدنان اور چک 257 ر ب کے شوکت بھی شدید زخمیوں میں شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق بچی کی لاش اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں چند زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی بس اور رکشے کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے اور موقع سے فرار ہونے والے بس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

 

Post Bottom Ad Panel