Post Main Ad Panel
Read in English چک جھمرہ: ستھرا پنجاب ورکرز کا مکمل تنخواہیں نہ ملنے پر میزان کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاج

چک جھمرہ: ستھرا پنجاب ورکرز کا مکمل تنخواہیں نہ ملنے پر میزان کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاج

42 ویوز

چک جھمرہ: 6 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ستھرا پنجاب کے تحت چک جھمرہ میں صفائی کے فرائض سرانجام دینے والے ورکرز کو مبینہ طور پر مکمل تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف میزان کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

احتجاجی ورکرز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ شدید مہنگائی کے دور میں بھی اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں، تاہم انہیں طے شدہ مکمل اجرت ادا نہیں کی جا رہی، جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے سخت محنت کرتے ہیں اور غلاظت اٹھا کر شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کے جائز حقوق اور مکمل تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ ورکرز نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے میزان کمپنی کے ذمہ داران سے بازپرس کی جائے اور تمام ملازمین کو مکمل تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے بھی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محنت کشوں کے مسائل فوری حل کیے جائیں تاکہ احتجاج کے باعث صفائی کا نظام متاثر نہ ہو اور شہر میں صفائی کا عمل بلاتعطل جاری رہ سکے۔

Post Bottom Ad Panel