فیصل آباد 4 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)— ڈجکوٹ کے علاقے نواں پنڈ چک نمبر 255 آر بی میں مبینہ طور پر زہریلا دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی طبیعت خراب ہو گئی، جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر آر ایچ سی ڈجکوٹ منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق، متاثرہ خاندان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا دودھ پیا جس میں مبینہ طور پر چھپکلی گری ہوئی تھی۔ دودھ پینے سے متاثر ہونے والوں میں 44 سالہ رمضان، 65 سالہ الماس بی بی، 26 سالہ نوید، 32 سالہ ادریس، 5 سالہ حرم فاطمہ اور 40 سالہ شاہدہ شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں طبی نگرانی کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) ڈجکوٹ منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔