Post Main Ad Panel
Read in English معصوم خواب، ظالم زمانہ اور جعلی کنسلٹنٹ کی فریب کاری: ہونہار گولڈ میڈلسٹ لائبہ کا المناک انجام اور سماجی و قانونی حلقوں کا شدید ردعمل

معصوم خواب، ظالم زمانہ اور جعلی کنسلٹنٹ کی فریب کاری: ہونہار گولڈ میڈلسٹ لائبہ کا المناک انجام اور سماجی و قانونی حلقوں کا شدید ردعمل

35 ویوز

فیصل آباد / اسلام آباد: 10 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): "میرے ساتھ ہونے والے فراڈ کا میرے والد کو نہ بتانا، وہ مر جائیں گے۔" یہ وہ دردناک اور آخری میسج تھا جو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی بی ایس فزکس کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ نے اپنی زندگی کا چراغ گل ہونے سے قبل اپنے ماموں کو بھیجا۔ ایک محنت کش باپ کے ادھورے خواب اور ایک ہونہار بیٹی کی صلاحیتیں ظالم زمانے اور بے حس ایجنٹ کی فریب کاری کی نذر ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے غریب اور محنت کش والد، جو موٹر سائیکل پر دودھ بیچ کر اور کرائے کے فلیٹ میں رہ کر اپنی بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلا رہے تھے، نے اپنی بیٹی کے روشن مستقبل کے لیے اپنے تمام وسائل داؤ پر لگا دیے تھے۔ ایک خود ساختہ کنسلٹنٹ اور ایجنٹ نے لائبہ کو امریکی (ہاورڈ) یونیورسٹی میں داخلے اور اسکالرشپ کا سبزا باغ دکھا کر 70 لاکھ روپے کا تقاضا کیا۔ بیٹی کے خوابوں کو تعبیر دینے کے لیے والد نے اپنا واحد پلاٹ بیچ کر 21 لاکھ روپے نقد ایجنٹ کے حوالے کیے، جبکہ بقیہ رقم کے بندوبست کے لیے والدہ کے زیورات بھی بینک میں گروی رکھوا دیے گئے۔

تاہم، فریب کا یہ خوفناک پردہ اس وقت چاک ہوا جب لائبہ نے یونیورسٹی میں اپنے ڈاکومنٹس کی تصدیق کروائی تو وہ مکمل طور پر جعلی نکلے۔ محنت کش باپ کی عمر بھر کی جمع پونجی ڈوبنے اور اپنے گھر والوں پر ٹوٹنے والے مالیاتی بحران کے شدید صدمے اور ذہنی اذیت کو برداشت نہ کرتے ہوئے، لائبہ دوپہر دو بجے گھر سے نکلی اور جی ٹین اتوار بازار کے قریب درخت سے لٹکی ہوئی حالت میں اس کی لاش برآمد ہوئی۔

شہریوں، حقوقِ انسانی کی تنظیموں اور سماجی حلقوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی پولیس اور ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم طالبہ کو اس انتہائی نہج پر پہنچانے والے جعلی ایجنٹ کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی دوسرا طالب علم اپنے ادھورے خوابوں اور بھاری دل کے ساتھ اس دنیا سے رخصت ہونے پر مجبور نہ ہو۔

 

Post Bottom Ad Panel