فیصل آباد: ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے پولیس لائنز کمپلیکس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں ریجن بھر کے 100 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی گئی۔ اردل روم کے دوران کرپشن، غفلت، ناقص کارکردگی، اختیارات سے تجاوز اور محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکاروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں دی گئیں۔ فیصل آباد کے کانسٹیبلز مظفر منیر اور آصف شہزاد کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ضلع جھنگ کے انسپکٹر ثمر عباس کو عہدے میں تنزلی دے کر سب انسپکٹر مقرر کر دیا گیا۔
انسپکٹر وسیم طارق کی دو سالہ سروس ضبط کرنے، جبکہ انسپکٹر اشفاق احمد اور سب انسپکٹر محمد علی کی ایک، ایک سال کی سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ دیگر متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کی چھ ماہ کی سروس بھی ضبط کی گئی۔ انسپکٹر ذیشان حیدر کی دو سال کے لیے ترقی روکنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ 18 پولیس افسران کی تنخواہ میں دو درجے تنزلی اور متعدد اہلکاروں کو سنشور کی سزائیں دی گئیں۔
اردل روم کے دوران 60 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز بھی مقررہ محکمانہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد نمٹا دیے گئے۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن، غفلت، نااہلی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کی جان و مال کا تحفظ ہے، اس لیے تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق انجام دیں۔