کینال روڈ پر بیشتر یوٹرن پل بند، اب 20 کروڑ روپے سے نیا پل بنانے کی تیاری پر سوالات اٹھ گئے
فیصل آباد، 23 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے نام پر جہاں ضلعی انتظامیہ نے بیریئرز لگا کر بیشتر موجودہ یوٹرن پل بند کر رکھے ہیں، وہیں اب پائپوں والی پلی کے قریب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اور نیا پل تعمیر کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
انتظامی ذرائع کے مطابق اس نئے منصوبے پر تخمینہ لاگت 20 کروڑ روپے رکھی گئی ہے اور اسے دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
تاہم، شہری حلقوں اور ٹریفک ماہرین کی جانب سے اس منصوبے کی افادیت پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف کینال روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور روانی برقرار رکھنے کے لیے پہلے سے تعمیر شدہ یوٹرن پلوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب اسی شاہراہ پر بھاری سرکاری فنڈز سے ایک نئے پل کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی ٹیکس کے 20 کروڑ روپے خرچ کرنے سے قبل ٹریفک مینجمنٹ پلان کی جامع افادیت اور پہلے سے بند کیے گئے یوٹرن پلوں کے متبادل استعمال کا شفاف جائزہ پیش کیا جائے تاکہ سرکاری وسائل کا ضیاع نہ ہو۔