آئندہ سال لٹریری فیسٹیول کا ایک سیشن ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ میں منعقد کیا جائے گا، کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا اعلان
فیصل آباد، 28 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اعلان کیا ہے کہ ادب، ثقافت اور ماحول دوستی کو یکجا کرنے کے لیے آئندہ سال فیصل آباد لٹریری فیسٹیول کا ایک سیشن یا مشاعرہ باغِ جناح میں قائم پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ میں منتقل کیے گئے درختوں کے سائے تلے منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ اعلان فیصل آباد لٹریری فیسٹیول میں شرکت کے لیے شہر آئے ہوئے نامور شعراء اور ادباء کے باغِ جناح میں قائم ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کشور ناہید، ڈاکٹر اصغر ندیم سید، عباس تابش، انجم سلیمی اور عدنان بیگ نے آرچرڈ کا دورہ کیا اور وہاں پودے بھی لگائے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل عمران رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ اور آنے والی نسلوں کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو بس منصوبے کی زد میں آنے والے 805 پرانے اور سایہ دار درختوں کو باغِ جناح، دھوبی گھاٹ گراؤنڈ اور کلیم شہید پارک سمیت تین مقامات پر کامیابی سے منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال اور افزائش کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ درختوں کے سرسبز ماحول میں ادبی نشست اور مشاعرے کے انعقاد کا مقصد ادب کے ذریعے شجرکاری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کا پیغام عام کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان نے درختوں کی منتقلی کے طریقہ کار، ٹریٹمنٹ اور نگہداشت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نامور شعراء و ادباء نے پاکستان کے پہلے ٹری ٹرانسپلانٹیشن آرچرڈ کے قیام پر کمشنر فیصل آباد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قابلِ تحسین ماحول دوست اقدام قرار دیا اور کہا کہ درختوں کا تحفظ دراصل انسانیت اور زندگی کا تحفظ ہے۔