Post Main Ad Panel
Read in English جڑانوالہ: پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ڈکیتی و راہزنی کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک، دو ساتھی فرار

جڑانوالہ: پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ڈکیتی و راہزنی کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک، دو ساتھی فرار

23 ویوز

فیصل آباد: 8 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): تحصیل جڑانوالہ میں تھانہ صدر پولیس کے ساتھ ہونے والے ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈکیتی، چوری اور راہزنی کے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو نامعلوم ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر جڑانوالہ سب انسپکٹر ملک عمران پولیس نفری کے ہمراہ سیدوالا روڈ نہر پل کے قریب معمول کی ناکہ بندی اور چیکنگ پر مامور تھے۔ اس دوران تین مشکوک افراد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر وہاں سے گزرے جنہیں پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس موبائل بھی زد میں آئی اور اسے نقصان پہنچا۔

پولیس کی جانب سے دفاعی اور جوابی کارروائی کی گئی، جس کے بعد فائرنگ رکنے پر تلاشی کے دوران ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت چک نمبر 433 گ ب کے رہائشی ندیم ولد رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے درجن سے زائد سنگین مقدمات میں فیصل آباد پولیس کو مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھا۔

پولیس نے ملزم کی لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ مفرور ہونے والے دونوں ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن اور ٹیموں کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید قانونی و عدالتی تفتیش جاری ہے۔

 

Post Bottom Ad Panel