فیصل آباد: 7 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) فیصل آباد نے ایک کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی حقیقی بھانجے کی بیوہ کو فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے.
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم ذوالفقار علی نے اپنے مرحوم بھانجے (مدعیہ کے مرحوم شوہر) کا موبائل فون حاصل کیا جس میں ذاتی اور حساس ڈیٹا موجود تھا. ملزم نے اس ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے "فاطمہ سعید" کے نام سے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنائی اور مدعیہ کو بلیک میل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی قابلِ اعتراض تصاویر و ویڈیوز اس کے رشتہ داروں کو بھیج کر ہراساں کیا.
پولیس اسٹیشن این سی سی آئی اے فیصل آباد میں پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم سے موبائل فون اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے.