Post Main Ad Panel
Read in English اچھی حکمرانی کے لیے میرٹ، شفافیت اور احتساب ناگزیر ہیں: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا یونیورسٹی آف فیصل آباد میں خطاب

اچھی حکمرانی کے لیے میرٹ، شفافیت اور احتساب ناگزیر ہیں: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا یونیورسٹی آف فیصل آباد میں خطاب

7 ویوز

فیصل آباد: 13 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اچھی حکمرانی کا بنیادی تقاضا میرٹ، شفافیت، انصاف، قانون کی بالادستی اور مؤثر احتساب ہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا حصول ممکن نہیں، جبکہ تعلیم، صحت اور امن و امان کے شعبوں میں بہتری کے لیے قومی ترجیحات کا درست تعین اور ادارہ جاتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

وہ یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ’’اچھی حکمرانی: شمولیت، تنوع اور ادارہ جاتی مؤثریت‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار و انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی، سیاسی عدم استحکام، تعلیمی مسائل اور طبی سہولتوں کی فراہمی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

ملک محمد احمد خان نے تاکید کی کہ سرکاری تقرریوں اور انتظامی فیصلوں میں کسی کی پسند و ناپسند کے بجائے شفاف اور منصفانہ معیار اپنایا جانا چاہیے تاکہ ہر اہل شخص کو مساوی موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا اسکولوں سے باہر رہنا، ڈراپ آؤٹ ریٹ اور دیہی علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی مستقبل کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی اور خواتین، اقلیتوں و معذور افراد کی فیصلہ سازی میں شمولیت کے بغیر جامع ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے پروگرام ’’انوویٹو پاکستان 4.0‘‘ کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو تحقیق اور مثبت مکالمے کے فروغ کی تاکید کی۔

Post Bottom Ad Panel