مخالفین سے بدلہ لینے اور جھوٹا مقدمہ درج کروانے کے لیے ریسکیو 15 پر بوگس کال کرنے والا ملزم گرفتار: تھانہ روڈالہ روڈ پولیس کی کارروائی
فیصل آباد: 13 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ریسکیو 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن کا غلط استعمال کرنے اور پولیس کو واردات کی جھوٹی اطلاع دینے والے عناصر کے خلاف فیصل آباد پولیس نے سخت قانونی ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم وقاص علی نے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے اور ان پر جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی غرض سے ریسکیو 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ اس کے ساتھ ڈکیتی و راہزنی کی سنگین واردات پیش آئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ روڈالہ روڈ پولیس کی ٹیم نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تمام تر حالات و واقعات کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ وہاں کوئی ڈکیتی یا راہزنی کا واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ کالر کا مخالفین کے ساتھ معمولی لڑائی جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس کو گمراہ کرنے اور ایمرجنسی سروس کا غلط استعمال ثابت ہونے پر روڈالہ روڈ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص علی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے واضح اور سخت تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی 15 سروس شہریوں کی فوری مدد کے لیے ہے، اس کا غلط استعمال، بدنیتی پر مبنی یا جھوٹی اطلاع دینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پولیس فورس کا وقت ضائع کرنے اور قانون کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔