Post Main Ad Panel
Read in English ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی کچی آبادیوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت، غیر قانونی کمرشلائزیشن پر سخت کارروائی کا حکم

ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی کچی آبادیوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت، غیر قانونی کمرشلائزیشن پر سخت کارروائی کا حکم

9 ویوز

فیصل آباد (یکم اکتوبر 2026ء) ڈیجیٹل اطلاع— ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے متعلقہ افسران اور سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں کے مسائل سے متعلق درخواست گزاروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ان آبادیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں بلا تاخیر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ احکامات حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل اور شکایات کی سماعت کے دوران جاری کیے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شہریوں کی انفرادی شکایات، درخواستوں اور درپیش مسائل کو تفصیل سے سنا اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر اور دفتری پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے، بالخصوص عدالتی مقدمات میں جاری ہونے والی ڈگریوں پر عمل درآمد اور جائیدادوں کے وراثتی انتقالات کے اندراج کے معاملات کو تیز رفتاری سے نمٹایا جائے تاکہ درخواست گزاروں کو بلاجواز انتظار نہ کرنا پڑے۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اسٹیٹ مینجمنٹ کے افسران سے کہا کہ تجاوزات سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے متعلقہ شعبے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی اور مسائل کے حل میں پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اس سلسلے میں غفلت شعار و بددیانت سٹاف کا فوری محاسبہ کیا جائے۔

محمد آصف چوہدری نے درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے میں شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی، شفافیت اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی براہِ راست شنوائی کا مقصد عوامی مسائل کو حل کرنے کے عمل کو تیز کرنا اور ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر شہریوں نے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی جانب سے ان کی شکایات کو توجہ سے سننے، فوری احکامات جاری کرنے اور ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

Post Bottom Ad Panel