Post Main Ad Panel
Read in English  فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کا بورڈ آف گورنرز اجلاس، مالی سال 2026-27 کے لیے 2 ارب 99 کروڑ روپے کے متوازن بجٹ کی منظوری

 فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کا بورڈ آف گورنرز اجلاس، مالی سال 2026-27 کے لیے 2 ارب 99 کروڑ روپے کے متوازن بجٹ کی منظوری

10 ویوز

فیصل آباد: 9 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے بورڈ آف گورنرز کا ایک اہم اجلاس کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جنہیں قواعد و ضوابط کے مطابق اجلاس کی صدارت کے لیے منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے 2 ارب 99 کروڑ روپے کے متوازن بجٹ اور مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے رواں مالی سال کے بجٹ تخمینہ جات اور ایجنڈے کے دیگر امور پیش کیے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سمیت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ خزانہ کے نمائندہ افسران اور چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب سمیت دیگر ڈائریکٹرز و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجٹ میں ترقیاتی مقاصد کے لیے 1 ارب 56 کروڑ روپے جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 1 ارب 24 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اور 19 کروڑ روپے اوپننگ بیلنس کے طور پر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں 284 پلاٹس فیسکو کو فروخت کرنے کے معاہدے سے ادارے کو خاطر خواہ مالی استحکام حاصل ہوا ہے۔

اجلاس کے دوران تنخواہوں اور پنشن سے متعلق حکومت پنجاب کے مختلف نوٹیفکیشنز کو اپنانے کی منظوری دی گئی، جبکہ ایف ڈی اے کے دفاتر میں آزمائشی بنیادوں پر تین ماہ کے لیے ہفتہ کے روز تعطیل کا نفاذ بھی کیا گیا۔ ورک مین ملازمین کی تنخواہوں کو ریگولر کرنے کا معاملہ فنی، مالی اور قانونی آرا کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور ملت ٹاؤن کے بلاک ایف میں اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت خصوصی بچوں کے لیے آئیٹزم سنٹر کے قیام کی غرض سے 21 کنال اراضی کے لیے لینڈ یوز کی تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔

کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایف ڈی اے انتظامیہ کی مالی استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور فیسکو کو پلاٹس کی فروخت کے اقدامات کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے عزم ظاہر کیا کہ ادارے کے وسائل کا شفاف استعمال اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔

 

Post Bottom Ad Panel