ایف ڈی اے سٹی میں سکیورٹی نظام کو جدید بنانے کا فیصلہ، نیا داخلی گیٹ اور الیکٹرک بیریئرز نصب کیے جائیں گے
فیصل آباد 30 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے سٹی کے لیے ایک جامع سکیورٹی پلان اور انفراسٹرکچر کی بہتری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت داخلی راستے پر جدید سکیورٹی خصوصیات سے آراستہ ایک نیا گیٹ تعمیر کیا جائے گا، الیکٹرک بیریئرز نصب کیے جائیں گے اور رہائشیوں کو خصوصی سکیورٹی سٹیکرز جاری کیے جائیں گے۔
ایف ڈی اے سٹی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی نے بتایا کہ سکیورٹی آڈٹ کی روشنی میں تیار کردہ ان اقدامات کا مقصد آمدورفت کی نگرانی کو بہتر بنانا اور رہائشی و غیر رہائشی گاڑیوں میں واضح فرق کرنا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ دو سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی یاسر اعجاز چٹھہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
سکیورٹی بہتری کے علاوہ محمد آصف چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سڑکوں کی مرمت، پارکس کی تزئین و آرائش اور اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنا کر رہائشی ماحول کو مزید خوشگوار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ نئے داخلی گیٹ اور سکیورٹی روم کی تعمیر کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق وقت پر مکمل کیے جائیں۔