فیصل آباد میں کمپنی کے ملازم پر 2 کروڑ 85 لاکھ روپے کی مبینہ خردبرد کا الزام، گرفتار
فیصل آباد: پولیس نے ستارہ کیمیکل انڈسٹری کی مصنوعات فروخت کرنے کے بعد مبینہ طور پر 2 کروڑ 85 لاکھ روپے خردبرد کرنے والے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے کمپنی کی مصنوعات فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم مبینہ طور پر اپنے پاس رکھ لی اور کمپنی کو واپس نہیں کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او عتیق الرحمن نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مبینہ فراڈ سے متعلق شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے کہا کہ اعتماد کی آڑ میں فراڈ اور امانت میں خیانت ناقابل برداشت جرائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔