Post Main Ad Panel
Read in English ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ساجد اقبال کا فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ویٹرنری مراکز کا معائنہ

ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ساجد اقبال کا فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ویٹرنری مراکز کا معائنہ

2 ویوز

فیصل آباد: 14 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): حکومتِ پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز فیصل آباد کی جانب سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ نمبر 1463 کے مطابق، ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد و سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف ویٹرنری مراکز اور تولیدی سہولیات کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی طبی، تشخیصی، جراحی اور مصنوعی نسل کشی کی خدمات سمیت مجموعی محکمانہ کارکردگی کا بچشمِ خود جائزہ لیا۔

ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے ایڈوانسڈ ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد، جدید آپریشن تھیٹر، ایکسرے و الٹراساؤنڈ یونٹس، ضلعی سیمن اسٹوریج سنٹر، سول ویٹرنری ہسپتال ٹھیکریوالہ، سول ویٹرنری ہسپتال پینسرہ اور کے اینڈ زیڈ سائرز سیمن پروڈکشن یونٹ نواں لاہور (ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ) کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، کولڈ چین کے انتظامات، صفائی ستھرائی اور جدید آلات کی فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ضلعی سیمن اسٹوریج سنٹر اور پروڈکشن یونٹ میں سیمن کی پیداوار، معیار، محفوظ ذخیرہ کاری، ترسیل اور مصنوعی نسل کشی کے ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مویشی پال حضرات سے براہِ راست گفتگو کر کے فراہم کردہ سہولیات اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں ان کی آراء و تجاویز حاصل کیں۔

ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت و معیاری ویٹرنری خدمات کی فراہمی، سرکاری وسائل کے شفاف استعمال اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ ایکٹ اور سائنسی اصولوں کی پابندی کی جائے تاکہ جانوروں کی جینیاتی بہتری اور پیداواری استعداد میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ امور میں شفافیت اور موثر نگرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel