Post Main Ad Panel
Read in English ماہانہ کارکردگی خاص نہ ہونے کے باعث ڈولفن فورس نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

ماہانہ کارکردگی خاص نہ ہونے کے باعث ڈولفن فورس نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی

17 ویوز

 

فیصل آباد 2 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) – سی پی او تنویر حسین کی زیر قیادت فیصل آباد کی ڈولفن فورس نے رواں سال کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور منشیات و اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد کی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈولفن فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 194 اشتہاری ملزمان، 416 ریکارڈ یافتہ مجرموں اور 120 عدالتی مفروران کو دبوچا۔ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف 131 کامیاب کارروائیوں میں اسلحہ اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے دوران 869 ملزمان گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سے چرس، ہیروئن، آئس اور شراب برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 131 ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ سامان قبضے میں لیا گیا، جبکہ ون ویلنگ، پتنگ بازی اور آتش بازی کے خلاف کارروائیوں میں 179 قانون شکن عناصر دبوچے گئے۔

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، ای پولیس ایپ، ناکہ بندیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران 21 لاکھ 96 ہزار 187 افراد، 19 لاکھ 67 ہزار 125 موٹر سائیکلوں اور 4 لاکھ 91 ہزار 781 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت ہنگامی بنیادوں پر 2340 شہریوں کو فوری مدد اور معاونت فراہم کی گئی۔

 

سی پی او فیصل آباد نے عزم ظاہر کیا ہے کہ قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا

Post Bottom Ad Panel