ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس: اکتوبر اور نومبر میں سرویلنس تیز کرنے کے احکامات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رشد اقبال
فیصل آباد: 13 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) رشد اقبال کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل و ضلعی سطح پر انسدادِ ڈینگی اقدامات، فیلڈ سرویلنس سرگرمیوں اور حساس ہاٹ سپاٹس کی کوریج کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی او) ہیلتھ، ضلع کونسل، محکمہ ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، واسا ، ستھرا پنجاب ایجنسی، پی ایچ اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رشد اقبال نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ تمام ہاٹ سپاٹس کی موثر نگرانی کو یقینی بنائیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کے لیے سرویلنس کے عمل میں مزید تیزی لائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینے ڈینگی مادہ کی افزائش کے لیے انتہائی حساس اور اہم ہیں، لہٰذا ان دنوں میں انسدادِ ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رشد اقبال نے تاکید کی کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے اور لاروا کی موجودگی کی صورت میں کیمیکل و بائیولوجیکل تلفی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں میں آگاہی پھیلائی جائے اور گھروں، دکانوں، زیرِ تعمیر عمارتوں، قبرستانوں اور کباڑ خانوں میں کھڑے پانی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔