فیصل آباد 4 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)— ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان اپنی 32 سالہ شاندار سرکاری، انتظامی اور تحقیقی خدمات مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم کی قیادت میں لائیوسٹاک فیصل آباد کی ٹیم نے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن ڈاکٹر سید ندیم بدر، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) محمد اکبر، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر محمد عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین (ستارہ امتیاز)، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر کنور محمد نعیم اور ڈائریکٹر کمیونیکیشن ڈاکٹر خالق شفیع سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے ڈاکٹر حیدر علی خان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور محکمانہ خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اکبر نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ مائیکروبیالوجی میں پی ایچ ڈی ہولڈر ڈاکٹر حیدر علی خان کے 17 سے زائد بین الاقوامی تحقیقی مقالہ جات شائع ہو چکے ہیں جبکہ فیصل آباد میں جدید ویٹرنری و تشخیصی سہولیات کے فروغ میں بھی ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر روبینہ انجم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر حیدر علی خان کے لیے صحت اور خوشیوں سے بھرپور ریٹائرڈ زندگی کی دعا کی۔