Post Main Ad Panel
Read in English ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت انسداد تجاوزات اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت انسداد تجاوزات اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس

4 ویوز

فیصل آباد، 29 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت انسداد تجاوزات اور پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسداد تجاوزات، پرائس کنٹرول، جرمانوں کی وصولی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز رشد اقبال، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اورنگزیب گورائیہ، ایس ڈی ای او پیرا محمد ندیم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ دیگر اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے عائد کردہ جرمانوں کی بروقت اور مکمل وصولی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اہم بازاروں، مرکزی شاہراہوں اور ریڑھی بازاروں کو روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات سے پاک رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اسکولوں کے اوقات، سبزی منڈیوں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اطراف رش کے اوقات میں خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا حکم دیا، جبکہ سڑکوں اور بازاروں میں تعمیراتی میٹریل رکھنے والوں کو پہلی خلاف ورزی پر وارننگ اور باز نہ آنے پر متعلقہ مقام سیل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے آٹے کی سپلائی، معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ آٹے کی مشروط فروخت یا شہریوں کی شکایات پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مزید برآں، انہوں نے روٹی کی مقررہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ یوریا اور کھاد کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

Post Bottom Ad Panel