Post Main Ad Panel
Read in English کمشنر آفس فیصل آباد اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مابین بے سہارا بچوں کی تعلیم و ہنر مندی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کمشنر آفس فیصل آباد اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مابین بے سہارا بچوں کی تعلیم و ہنر مندی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

1 ویوز

فیصل آباد، 29 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): کمشنر آفس فیصل آباد اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے مابین بے سہارا اور مستحق بچوں کی تعلیم، ہنر مندی اور تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے دورے کے دوران موقع پر ہی مفاہمتی یادداشت کی تیاری اور دستخط کے عمل کو مکمل کرایا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم پانچ بچوں کے لیے ساندل کالج میں چھٹی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم کا خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ مزید برآں، بچوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانے کے لیے کمشنر آفس کی جانب سے سلائی کڑھائی اور موبائل ریپئرنگ کی تربیت کے لیے ایک ایک استاد بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ معاہدے میں مقیم بچوں کے لیے ہر ماہ تفریحی دوروں کا اہتمام اور ان کی سالگرہ کی تقریبات منانے کو بھی باقاعدہ شامل کیا گیا ہے۔

دورے کے موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد اور ڈائریکٹر کیلاش گروپ فرخ زمان بھی کمشنر فیصل آباد کے ہمراہ تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو روبینہ اقبال نے کمشنر کو ادارے میں مقیم بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم و تربیت اور فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ادارے کی کلاسز اور کمپیوٹر لیب کا معائنہ کیا، بچوں سے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں پر گفتگو کی اور ان کی تیار کردہ پینٹنگز اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔

دورے کے دوران کمشنر فیصل آباد نے کیلاش گروپ کے تعاون سے بچوں میں موسمِ سرما کی مناسبت سے ہڈز (گرم ملبوسات) تقسیم کیے اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔

اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا ان بچوں کا بھی بنیادی حق ہے، اسی لیے ادارے کے قریب واقع معروف تعلیمی ادارے ساندل کالج کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ تفریحی مواقع کی یکساں فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور معاشرے کے ان بے سہارا بچوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ کمشنر نے ڈسٹرکٹ آفیسر روبینہ اقبال کی قائدانہ صلاحیتوں اور عملے کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہترین دیکھ بھال سے واضح ہے کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر روبینہ اقبال اور بچوں نے ان اقدامات اور آمد پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔

Post Bottom Ad Panel