سی پی او تنویر حسین کا تین ملکی ویمن انڈر 19 ٹورنامنٹ کے تناظر میں اقبال اسٹیڈیم کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
فیصل آباد: یکم اکتوبر ڈیجیٹل اطلاع: سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے تین ملکی ویمن انڈر 19 ٹورنامنٹ کے سلسلے میں اقبال اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستانی ٹیموں کے مابین میچ کھیلے جائیں گے۔ اس موقع پر سی ٹی او رانا ناصر جاوید، ایس پی لائل پور عابد ظفر، ڈی ایس پی سول لائن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایس پی لائل پور ڈویژن عابد ظفر نے سی پی او کو سیکیورٹی ڈیوٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ سی پی او نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر تمام افراد کی مکمل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، اہم مقامات اور اسٹیڈیم کے گردونواح میں پولیس کی پٹرولنگ گاڑیاں مسلسل گشت کریں، اور سینئر پولیس افسران ڈیوٹی پر مامور ملازمان کی حاضری کو یقینی بنا کر انہیں الرٹ رکھیں۔
واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹرز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ تنویر حسین کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔