Post Main Ad Panel
Read in English فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر سخت پابندی: نمبرداروں کو خصوصی ٹاسک تفویض، موٹروے حدود میں انسپکشن سخت کی جائے، کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ

فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر سخت پابندی: نمبرداروں کو خصوصی ٹاسک تفویض، موٹروے حدود میں انسپکشن سخت کی جائے، کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ

7 ویوز

فیصل آباد: 13 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) : کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے انسدادِ سموگ اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے گزشتہ سالوں میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ہر گاؤں میں دھان سمیت فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے کے حوالے سے نمبرداروں کو باقاعدہ ٹاسک تفویض کیا جائے جو مساجد میں اعلانات کے ساتھ کسانوں میں آگاہی کے لیے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائیں۔

یہ ہدایات انہوں نے محکمہ زراعت (توسیع) کے دفتر میں انسدادِ سموگ اقدامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عدیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے ڈویژن بھر میں انسدادِ سموگ کے لیے محکمہ زراعت کی جاری مہم کو مزید موثر بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینے کا باقاعدہ عہد نامہ ہر کسان سے لیا جائے تاکہ واقعات کا سدباب اور ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے موٹروے کی حدود میں انسپکشن کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باز نہ آنے والوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر فیصل آباد نے محکمہ زراعت میں کسانوں سے انسدادِ آگ کا عہد بھی لیا اور کسانوں پر زور دیا کہ وہ فصلوں کی کٹائی کے لیے سپرسیڈرز کا بھرپور استعمال کریں۔

بعد ازاں، کمشنر فیصل آباد نے بائیولوجیکل کنٹرول لیب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کسان دوست کیڑوں "ٹرائیکوگراما " اور "کرائی سوپرلا " کی تیاری کے عمل کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ فصلوں کو نقصان پہنچانے والے دشمن کیڑوں کے اس حیاتیاتی خاتمے سے صحت مند فصلیں تیار ہو رہی ہیں جس سے کسانوں کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

Post Bottom Ad Panel