Post Main Ad Panel
Read in English ٹریفک آگاہی کا انوکھا رنگ؛ اسکوٹی ریلی بنی "ڈومینو ایفیکٹ"، گرتے پڑتے سیکھنے کا عمل جاری

ٹریفک آگاہی کا انوکھا رنگ؛ اسکوٹی ریلی بنی "ڈومینو ایفیکٹ"، گرتے پڑتے سیکھنے کا عمل جاری

28 ویوز

فیصل آباد (یکم اکتوبر 2026ء) ڈیجیٹل اطلاع— زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے روڈ سیفٹی کلب اور سٹی ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام خواتین اور طالبات کے لیے نکالی جانے والی اسکوٹی رائیڈنگ ریلی اور ٹریفک آگاہی سیمینار اس وقت ایکشن اور کامیڈی کا امتزاج بن گیا جب روڈ سیفٹی کا عملی مظاہرہ کرتے کرتے طالبات نے سڑک پر "اسکوٹی ڈومینو" کا شاندار نظارہ پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق ریلی کا بنیادی مقصد طالبات اور خواتین میں روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین سے آگاہی اور خود مختاری کو فروغ دینا تھا، جس میں بڑی تعداد میں طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تاہم، اسکوٹر چلانے کے فن اور توازن کے درمیان ہونے والی کشمکش نے سڑک کو عارضی طور پر سرکس کا میدان بنا دیا۔ ایک کے گرنے پر دوسری اسکوٹی کا اس سے محبت بھرا تصادم اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری قطار کا تاش کے پتوں کی طرح زمین بوس ہونا دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔

موقع پر موجود ٹریفک پولیس اور راہگیروں نے فوری طور پر "ریسکیو آپریشن" شروع کیا اور گرنے والی بہادر طالبات کو اٹھا کر دوبارہ اسکوٹی پر بٹھایا۔ سی ٹی او فیصل آباد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں، اور اسکوٹی سیکھنے کے لیے زمین کا بوسہ لینا پہلا اور لازمی سبق ہے۔ واقعے کے بعد طالبات نے بھی ہنستے مسکراتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ گرنے کے بعد مزید توازن کے ساتھ دوبارہ سڑکوں پر آئیں گی۔

Post Bottom Ad Panel