Post Main Ad Panel
Read in English 24 عیدیں، 12 سالگرہیں اور 12 سال کا سفر، نشتر اسپتال کے مریض اسد دنیا سے رخصت

24 عیدیں، 12 سالگرہیں اور 12 سال کا سفر، نشتر اسپتال کے مریض اسد دنیا سے رخصت

56 ویوز

12 سال آئی سی یو میں رہنے والے نشتر اسپتال کے مریض اسد انتقال کر گئے

ملتان: نشتر اسپتال ملتان کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں گزشتہ 12 برس سے زیر علاج رہنے والے مریض اسد انتقال کر گئے۔ اسد اپنی طویل بیماری کے دوران اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کے لیے ایک مریض سے بڑھ کر خاندان کے فرد کی حیثیت اختیار کر چکے تھے۔

اسد کو مارچ 2014 میں، جب ان کی عمر صرف 15 سال تھی، شدید دماغی چوٹ کے باعث نشتر اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ دماغی چوٹ کے باعث وہ نہ بول سکتے تھے اور نہ ہی جسم کو حرکت دے سکتے تھے، جبکہ ان کی سانسیں بحال رکھنے کے لیے وینٹی لیٹر کا سہارا ضروری تھا۔

گزشتہ 12 برسوں کے دوران اسد نے اپنی زندگی کے 24 عیدیں اور 12 سالگرہیں اسپتال کے آئی سی یو میں گزاریں۔ اس عرصے میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے نے نہ صرف ان کی مسلسل دیکھ بھال کی بلکہ ہر سال ان کی سالگرہ بھی منائی، جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہ اسپتال کے عملے کے لیے ایک مریض نہیں بلکہ خاندان کے فرد کی مانند تھے۔

گزشتہ جمعہ اسد انتقال کر گئے، جس کے بعد آئی سی یو کا عملہ غمزدہ ہو گیا۔ اسپتال میں ان کی طویل موجودگی نے وہاں کے عملے پر گہرا اثر چھوڑا، جنہوں نے برسوں تک ان کی خدمت اور نگہداشت کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر نبھایا۔

اسد کی زندگی اور ان کی دیکھ بھال کی داستان کو انسان دوستی، ہمدردی اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ وابستگی کی ایک منفرد مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ نشتر اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر ملازمین نے 12 برس تک جس صبر، محبت اور لگن کے ساتھ ان کی خدمت کی، اسے انسانیت کی اعلیٰ مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel