Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد میں سیوریج شکایات کے فوری ازالے کا حکم، واسا افسران کو شہریوں سے فیڈ بیک لینے کی ہدایت

فیصل آباد میں سیوریج شکایات کے فوری ازالے کا حکم، واسا افسران کو شہریوں سے فیڈ بیک لینے کی ہدایت

13 ویوز

ایم ڈی واسا کا سیوریج آپریشنز بحال کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر زور

فیصل آباد، 12 اگست 2026ء: مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے سیوریج سے متعلق شہریوں کی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو شکایت کنندگان سے براہِ راست رابطہ کرکے فیڈ بیک حاصل کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں اگر ایک مرتبہ سیوریج سے متعلق شکایت حل کردی جائے تو وہ دوبارہ کسی فورم پر سامنے نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حل شدہ شکایت دوبارہ موصول ہوئی تو متعلقہ آپریشنز افسر کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔

سیوریج منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

ثاقب رضا نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج آپریشنز کی مکمل بحالی کے لیے متعدد پائپ لائنز بچھانے کی ترقیاتی سکیمیں زیرِ تکمیل ہیں۔ ان منصوبوں کے باعث بعض علاقوں میں سیوریج آپریشنز سے متعلق مسائل پیدا ہو رہے ہیں، تاہم شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ آپریشنز افسران اور عملے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے پی ایس 34 سمن آباد، جھنگ روڈ مین فورس لائن، دائود چوک مین فورس لائن سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، تاکہ تمام سکیمیں مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور شہری ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

شہریوں کو نکاسیٔ آب کی بہتر سہولیات اولین ترجیح

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہریوں کو نکاسیٔ آب کی مؤثر اور بلا تعطل سہولیات فراہم کرنا واسا کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں جاری سیوریج آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری اور مستقل حل کو یقینی بنایا جائے۔

Post Bottom Ad Panel